آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول 2023“ کا افتتاح جمعہ کے روز کیا گیا۔
افتتاحی تقریب کے ریڈ کارپٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان، معروف دانشور انور مقصود، نگراں وزیر ثقافت سید جنید علی شاہ، تھیٹر ڈائریکٹرز عثمان پیرزادہ، نبیل قریشی، حبا بخاری، ٹیپو اور شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات سمیت تھیٹر کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پاکستان تھیٹر فیسٹیول کا افتتاح معروف ہدایتکار و اداکار سلمان شاہد کے تھیٹر ڈرامے Patriot & Abdullah سے کیا گیا، لاہور کے تھیٹر گروپ کی جاندار اداکاری کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔
انور مقصود کو صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تھیٹر فیسٹیول میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احمد شاہ نے پاکستان ہی نہیں بلکہ پاکستان سے باہر اس ثقافت و تہذیب کو اجاگر کیا ہے، یہ مختلف پروگرامز کرتے رہتے ہیں، ملکوں کی ثقافت کو جوڑنے میں احمد شاہ بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ انور مقصود صاحب کہہ رہے ہیں ملک میں ڈرامہ چل رہا ہے، اگر مقابلہ کرا دیں تو میں بتا دوں کہ یہ ڈرامہ ہم سیاستدان ہی جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 76 برس بعد ہم ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ پاکستان کیسے چلے گا، بدقسمتی سے جس شہر میں بیٹھے ہیں اسے روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا جو اب مجرموں کا شہر بنتا جا رہا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے تھیٹر فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر بڑی تعداد میں مختلف ممالک سے لوگ موجود ہیں، جس طرح احمد شاہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کو پاکستان کے مختلف شہروں میں اور عالمی اردو کانفرنس کو دنیا کے مختلف ممالک میں لے کر گئے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ احمد شاہ آرٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا فن خوب جانتے ہیں، اس طرح کے فیسٹیول لوگوں کو اکٹھا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں مختلف پریشانیوں اور مسائل پر نظر پڑتی ہے لیکن دوسری طرف احمد شاہ کی وجہ سے تفریح کرنے کا موقع بھی ملتا ہے، اس فیسٹیول میں ہر زبان کا تھیٹر موجود ہے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پاکستان تھیٹر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلا میوزک فیسٹیول، پہلا تھیٹر فیسٹیول، فائن آرٹس کو دوبارہ بحال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے آرٹس کونسل آئے ہوئے 16 برس سے زیادہ ہوگئے، تمام سفارت کاروں کو خوش آمدید کہتا ہوں، مجھے لوگوں نے کہا تم نیرو ہو جو بانسری بجا رہے ہو، حالات خراب سے خراب تر ہیں، مشکل حالات ہیں تو کیا ہم جینا چھوڑ دیں؟
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک پر فخر کرتے ہیں، ہم زندہ ہیں، ہم مسکرا سکتے ہیں، ہم آگے بڑھیں گے، دنیا میں عظیم قوم کی طرح واپس آئیں گے۔
احمد شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تھیٹر فیسٹیول ایک مہینے پر مشتمل ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف کھیل پیش کیے جائیں گے جب کہ ویک اینڈ پر دو ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تھیٹر فیسٹیول میں بین الاقوامی تھیٹر گروپس کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے، 9 ستمبر کو امریکی تھیٹر گروپ Uplift اپنا ڈرامہ ”Through The Waves“ جبکہ 10 ستمبر کو سری لنکا کا ڈانس گروپ رقص ”Kanya“ پیش کرے گا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی جانب سے آرٹس کونسل کے ممبران کے لیے تھیٹر کی ٹکٹس فری کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، ممبران اپنے ٹکٹ آرٹس کونسل سے صبح 12 سے رات 8 بجے تک حاصل کرسکتے ہیں۔