کراچی( اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی، حارث روف اور نسیم شاہ کی موجودگی نے پاکستانی ٹیم کو خطر ناک بنادیا ہے، ایک انٹرویو میں شعیب اختر نے کہا کہ یہ تینوں بولرز پر اعتماد بولنگ کرتے ہیں، ان کی موجودگی دوسری ٹیموں کو پتہ چلتا ہے کہ پاکستانی بولنگ کتنی خطرناک ہے،وہ رنز سے خوف نہیں کھاتے وکٹ لے کر دکھاتے ہیں، یہ باصلاحیت بولرز ہیں، پاکستان کے پاس اس وقت دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز ہیں، شاہین اس وقت اپنے کیرئیر کے عروج پر ہیں، حارث بھی شاہین کے مائنڈ سیٹ یعنی وکٹ لینے کے انداز سے آگے بڑھ رہا ہے۔سابق بولر نے نسیم شاہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نسیم کو وکٹ لینے کے انداز سے بولنگ کرنی چاہیے، وہ اسٹاک بولنگ کے بجائے وکٹ لینے کی کوشش کریں کیوں کہ ان کی بال شاہین سے زیادہ سوئنگ کرتی ہے۔سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک اسپنر کی کمی ہے، شاداب اگرچہ بہترین بولر ہے لیکن اس کے ساتھ ٹیم میں ایک اسپنر اور ہونا چاہیے، پاکستان کے پاس مڈل آرڈر کیلئے عبد الرزاق جیسے بولنگ آرڈر کی کمی ہے، ہمیں بھارت کیخلاف فہیم اشرف کو کھلانا چاہیے۔