کراچی(نیوز ڈیسک)امریکا کی جانب سے ایران کےجنوبی کوریا میں منجمند اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر منتقل کرنے کی اجازت،پانچ ایرانی قیدی بھی رہا کیے جائیں گے۔بائیڈن انتظامیہ نے ایران میں قید پانچ امریکیوں کی وطن واپسی کی راہ ہموار کرتے ہوئے بین الاقوامی بینکوں کو امریکی پابندیوں کے خوف کے بغیر 6 ارب ڈالر کی منجمد ایرانی رقم جنوبی کوریا سے قطر منتقل کرنے کے لیے مکمل اجازت دے دی ہے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے امریکا میں قید پانچ ایرانی شہریوں کو آزاد کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔اس رعایت کا مطلب ہے کہ یورپی، مشرق وسطیٰ اور ایشیائی بینک جنوبی کوریا میں منجمد رقم کو تبدیل کرنے اور اسے قطر کے مرکزی بینک میں منتقل کرنے میں امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوں گے۔