’جوان‘ کے ڈائریکٹر ایٹلی کمار نے فلم پر آنے والے اخراجات سے متعلق پہلی بار لب کشائی کردی، ان کا کہنا ہے کہ ہم نے فلم پر 300 کروڑ سے زیادہ خرچ کیے۔
میڈیا سے گفتگو کیلئے ایک سیشن منعقد کیا گیا، جس میں ایٹلی کمار نے کہا کہ وہ کورونا وبا کے دوران اس فلم کو زوم میٹنگ میں زیر بحث لائے تھے، اس وقت کوئی 30 سے 40 کروڑ روپے کی فلم بنانے کیلئے بھی تیار نہیں تھا۔
ایٹلی کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود شاہ رخ خان نے 300 کروڑ روپے کی فلم کی منظوری دی مگر ہم اس پر بھی نہیں رکے، ہم نے 300 کروڑ سے زیادہ خرچ کیے۔
انہوں نے کہا ہم نے بلاک بسٹر فلم بنائی اور اب ہم پرواز کر رہے ہیں۔
ریلیز ہونے کے 8 دن بعد بھی 'جوان' کی آمدنی جاری ہے اور اب یہ 400 کروڑ کے ہندسے تک پہنچنے والی ہے۔
اب تک فلم کی کُل آمدنی 388 کروڑ 72 لاکھ ہوچکی ہے اور یہ باکس آفس پر ریلیز کے پہلے دن سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔