• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج کا سورج طلوع، ایشیا کپ فائنل یکطرفہ بنادیا، بھارت 8 ویں بار چیمپئن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ سے تین ہفتے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ جیت لیا۔ فاسٹ بولر محمد سراج کا سورج طلوع ہوگیا۔ سری لنکا کو ہوم گرائونڈ پر10وکٹ کی شرم ناک شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ ہوم ٹیم صرف 50 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد سراج نے ایک اوور میں چار وکٹ اور مجموعی طور پر چھ وکٹ لیے ۔ بھارت نے آٹھویں بار ایشیا کپ ٹائٹل جیتا ہے۔ محمد سراج نے تباہ کن اسپیل میں سات اوورز میں21رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے۔ سری لنکا کے پانچ بیٹسمین صفر پر آئوٹ ہوئے۔ 9بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ محمد سراج کو فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اتوار کو کولمبو میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔ پوری ٹیم15.2اوورز میں پچاس رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بھارت نے37گیندوں میں ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔ ایشان کشن نے 23 اور شبمن گل نے 27 رنز بنائے۔ پہلے اوور کی تیسری گیند پر جسپریت بمراہ نے کوشل پریرا کو لوکیش راہول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ محمد سراج کی جانب سے کرایا گیا میچ کا چوتھا اوور سری لنکا کیلئے ڈراؤنا خواب بن گیا ۔ پہلی گیند پر پاتھم نسانکا 2 رنز ، تیسری گیند پر سدیرا سماراوکراما ، اگلی گیند پر اسالانکا اور آخری گیند پر دھننجیا ڈی سلوا پویلین لوٹ گئے۔ سراج نے اگلے اوور میں داسن شناکا کا کام بھی تمام کردیا۔ بارہ رنز پر 6 وکٹیں گرچکی تھیں۔ کوشل مینڈس اور دونتھ ویلالاگے نے اسکور کو 33 تک پہنچایا۔ یہاں سراج نے مینڈس کو 17 رنز پر آئوٹ کرکے چھٹی وکٹ اپنے نام کر لی۔ باقی تین وکٹیں ہاردک پانڈیا نے حاصل کرکے کے سری لنکن ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔ کوشال مینڈس 17اوردوشان ہیمنتھا نے13ناٹ آئوٹ کے سوا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہو سکا۔ جسپریت بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسپورٹس سے مزید