• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی سطح پر سیرت النبیﷺ کا پیغام عام کرکے امن کو فروغ دیا جائے، رہنما جمعیت علما برطانیہ

لوٹن (راجہ فیض سلطان) جمعیت علمائے برطانیہ کے زیر اہتمام رحمت اللعالمینﷺ کانفرنسز کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس حوالے سے لوٹن کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی رحمت اللعالمین کانفرنس میں پاکستان اور برطانیہ سے کثیر تعداد میں علما اور کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عالمی سطح پر سیرت النبیﷺ کا پیغام عام کرکے امن و محبت کو فروغ دیا جائے۔ اپنے خطاب میں تقریب کے منتظم اور جمعیت علمائے برطانیہ لندن کے امیر مفتی خالد محمود نے کہا کہ پاکستان میں دین دار طبقے کو جان بوجھ دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام نے ملک اور دین کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی پر دہشت گردانہ حملوں کا مقصد اسے انتخابات سے دور رکھنا ہے لیکن ہم ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رحمت اللعالین کانفرونسوں کے ذریعے ہم نبی کریم ﷺ کی سیرت کو عام کرنا چاہتے ہیں تاکہ دنیا میں امن اور خوشحالی آئے تقریب کے مہمانِ خصوصی مولانا سعید یوسف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیرت کے حقیقی معنوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور اس کو سمجھ کر عمل کیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ دین سے دوری ختم نہ ہو اور امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہ کر لے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ قربان نے کہا کہ دینِ اسلام در اصل محبت اور امن کا درس دیتا ہے اور نبی کریم ﷺ کی سیرت کو مشعلِ راہ بنا کر ہم تمام مسائل کا حل تلاش کر سکتے ہیں۔ معروف عالمِ دین مفتی عبدالوہاب نے کہا کہ امت اخلاقی طور پر گراوٹ کا شکار ہوتی جا رہی ہے اور آج ضرورت اس امر کی ہے اپنے مسائل کے حل کیلئے نبی کریم ﷺ کے پیغام کو عام کیا جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قاری طیب عباسی نے کہا کہ دنیا میں نفرتوں کا مقابلہ محبت سے کیا جائے اور اس کا بہترین طریقہ اللہ کے نبی ﷺ کی سیرت کو اجاگر کرنا اور اس پر عمل کرنا ہے۔ میئر آف لوٹن کونسلر یعقوب حنیف کا کہنا تھا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت ہی کامیابی کا راز ہے اور اس مقصد کیلئے رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کے ذریعے اپنے آقاﷺ کا پیغام عام کیا جائے۔ اس موقع پر علما نے سیرت النبی ﷺ پر عمل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ آج امت کو اتحاد اور یگانگت کے گہرے رنگ میں رنگ کر دنیا میں سیرت النبی ﷺ کا عملی نمونہ پیش کرنا ہے۔

یورپ سے سے مزید