• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ میں ماہ ربیع الاوّل کی محافل کا آغاز، ولادت نبی اکرمﷺ کی خوشی میں جلوس

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں استقبال ماہ ربیع الاوّل کے سلسلے میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نےشرکت کی ربیع الاول کا بابرکت مہینہ شروع ہوتے ہی ڈسٹرکٹ بریڈ فورڈمیں نبی آخر الزمان خاتم النبیین حضرت محمد ﷺکی ولادت کے جشن کی تقریبات کا آغاز ہو گیا عاشقان مصطفیٰ نے بریڈ فورڈ کیتھلے اور دیگر شہروں میں ربیع الاول کے مہینے کا استقبال بڑے جلوسوں اور محفل نعت کی تقریبات سجا کر کیا۔ بریڈفورڈ کی گلیوں کو خوبصورت بینرز اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بریڈفورڈ میں عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس جمعیت تبلیغ الاسلام جب کہ کیتھلے میں مسلم ایسوسی ایشن کے زیراہتمام نکالا گیا جس میں ہزاروں عاشقان مصطفیٰ نے شرکت کی۔ بریڈفورڈ کی فضا درود و سلام کی صدائوں سے گونج اٹھی۔ بریڈفورڈجلوس کی قیادت پیر سید احسن شاہ شرافت نوشاہی ، صاحبزادہ پیرحسان حسیب الرحمن سجادہ نشین دربار عالیہ عیدگاہ شریف، مفتی انصر القادری ، پیر سید سلطان حسین شاہ مشہدی ،علامہ محمد حنیف ساقی ،علامہ محمد بشیر طاہر نقشبندی ، مفتی محمد جمیل اور دیگرعلماء نے کی۔ نماز ظہر کے بعد جمعیت تبلیغ الاسلام ویسٹ گیٹ مسجدمیں میلاد النبی ﷺکانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں علماء کرام اور نعت خوان حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ نماز عصرکے بعد جلوس کا آغاز ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جمعیت تبلیغ الاسلام وکٹر سٹریٹ مسجد پر اختتام پذیر ہوا ۔جلوس میں بریڈفورڈکونسل اور جمعیت کے رضاکاروں نے سیکورٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔ کیتھلے میں مرکزی جامع مسجد سے نکلنے والے جلوس کی قیادت پیرسید منور حسین جماعتی ،پیر سید دلیر علی شاہ ، مفتی خورشید عالم صابری ، مفتی محمد اسلم نقشبدی ، مسلم ایسوسی ایشن کے صدرشوکت علی میرپوری ، الحاج علی اکبر چشتی ، الحاج ظفر اقبال جماعتی ،کونسلر ناظم اعظم ، کونسلر محسن حسین جماعتی اور دیگرعلماء نے کی۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس مرکزی جامع مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جہاں نماز ظہر کے بعد ماہانہ گیارہویں شریف کی روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ میلاد کے جلوس کے دوران فضا نعرہ تکبیر اور رسالت سے گونجتی رہی ،جلوس کی گزرگاہوں میں جگہ جگہ میلاد کا لنگر مٹھائیاں پیش کی جاتی رہیں ۔اس موقع پرعلماء کا کہنا تھا، استقبال ربیع الاول اور جشن میلاد النبیﷺ کے ساتھ ساتھ ہم پر لازم ہے کہ ہم آپ ﷺکی تعلیمات کو بھی اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔ جلوس کے اختتام پر امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

یورپ سے سے مزید