کراچی ( اسٹاف رپورٹر)نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ واپڈا کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ K-IV منصوبے کو مکمل کیا جاسکے، کراچی کی خوبصورتی کو مزید نکھارنے کیلئے محکمہ کچھ اسکیمیں بنائے۔سیف سٹی پراجیکٹ کے ذریعے مجموعی سیکیورٹی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور KB فیڈر کی لائننگ اور اضافی 65 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی سےکراچی کے پانی کی قلت کا معاملہ حل ہوجائے گا۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں محکمہ پی اینڈ ڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ K-IV شہر کا سب سے اہم منصوبہ ہے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہئے۔اجلاس میں ایک اور وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت KB فیڈر سسٹم کی بہتری اور کینجھر جھیل کی توسیع کا منصوبہ زیر بحث آیا ۔ جسٹس مقبول باقر نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ وہ سیف سٹی، کے بی فیڈر کی لائننگ، شہر کو 65 ایم جی ڈی اضافی پانی کی فراہمی اور 2022 کے سیلاب سے تباہ ہونے والی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو جیسے اہم منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کرے۔ سیف سٹی منصوبہ جرائم کے مقدمات کے حل اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے میں سب سے اہم ہوگا۔انہوں نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ایگزیکٹو کی نگرانی کرے اور اس کی رفتار تیز کرے تاکہ اسے مکمل کیا جاسکے۔ علاوہ ازیں نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے قطر اسپتال اورنگی ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کی دگرگوں صورتحال، ادویات کی قلت، ایمبولینسوں اور لیبارٹری مشینوں کی خرابی پر برہم ہوئے اور تحقیقات کا حکم دے دیا۔