کراچی (نیوز ڈیسک)سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے معاملے پر کینیڈا اور بھارت میں تنازع شدت اختیار گیا جبکہ کینیڈا میں مقیم خالصتان تحریک کے ایک سکھ رہنما سکھدول سنگھ عرف سکھا ڈونیکے کو کینیڈا کے شہر ونی پگ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے.
بھارت نے کینیڈا کے شہریوں کے لئے ویزہ سروس معطل کر دی ،جس کا اطلاق فوری ہو گا، کینیڈا نے سوشل میڈیا پرانتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے اسٹاف کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد بھارت میں اپنے سفارتی عملے کی تعداد میں کمی کرنے کا اعلان کردیا ہے
، انڈیا نے کینیڈا پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کردیا ہے جبکہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کیخلاف بھی ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساکھ کی بات نہ کرے ۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں ایک اور سکھ رہنما کو قتل کردیا گیا ہے ، سکھدول سنگھ کے قتل سے محض ایک روز قبل بھارتی ایجنسی این آئی اے نے ان کا نام انتہائی مطلب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا،اور ان کے خلاف وارنٹ جاری کیے تھے۔
سکھادونیکے کی موت سے کینیڈا میں مقیم سکھ برادری کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے کینیڈا کیلئے ویزہ سروس معطل کردی ہے ۔
غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق ویزہ کے لیے معاونت فراہم کرنے والی کمپنی بی ایل ایس انٹرنیشنل نے بھارتی مشن کے حوالے سے کہا ہے کہ کینیڈین شہریوں کے لیے بھارت کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔
بی ایل ایس کے مطابق بھارتی مشن نے ویزوں کی معطلی کی وجہ آپریشنل مسائل کو قرار دیا ہے۔بھارتی مشن کے مطابق ویزوں کا اجرا تاحکمِ ثانی معطل رہے گا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے کینیڈین حکومت کو مطلع کیا ہے کہ سفارتی موجودگی میں برابری ہونی چاہیے۔