اسٹاک ہوم (زبیر حسین) وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے جاتے ہیں۔ وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کی کارکردگی پر صدر پاکستان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ستائش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کی آگاہی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں مقررین نے کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی ٹیکس محتسب کے سابق مشیر محمد صدیق تھے۔ سیمینار کا اہتمام سویڈن میں وفاقی ٹیکس محتسب کے اعزازی مشیر ڈاکٹر عارف کسانہ نے کیا تھا۔ تقریب کا آغاز نو مسلم سویڈش جان بلوم بیری کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ پاکستان کے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر محمد آصف جاہ کا سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کے لئے خصوصی ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیالات کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب کے اعزازی مشیر عارف کسانہ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد آصف جاہ کی قیادت میں اس ادارہ نے ہزاروں لوگوں کے مسائل حل کئے ہیں جس سے عوام میں اس ادارہ پر اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد آصف جاہ 30سال سے کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے تحت فلاحی کاموں میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی کی سرگرمیوں کے حوالے سے ویڈیو بھی دکھائی گئی جسے شرکاء نے سراہا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی محتسب سیکریٹریٹ میں قائم شکایات کمشنر برائے اوورسیز پاکستانیز ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں بتایا کہ 12 وفاقی محکموں سے اگر اوورسیز پاکستانیوں کو شکایات ہوں تو وہ ان کے ادارے سے رجوع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات اور طریقہ کار کی وضاحت بھی کی۔ ابرار اکبر نے سویڈن میں سرکاری محکموں میں دفتری طریقہ کار، عام آدمی کو حاصل حقوق اور سرکاری محکموں تک رسائی کے تمام مراحل کی تفصیل پیش کی۔ سویڈن کی ہائی کورٹ کے اعزازی جج برکت حسین نے سویڈن کے محتسب کے نظام کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں پارلیمانی محتسب اور جسٹس محتسب کے ادارے قائم ہیں جہاں عوام اپنی شکایات درج کرواتے ہیں اور ان کی داد رسی ہوتی ہے۔ تقریب میں اندر پال سنگھ نے اردو اور پنجابی شاعری سنا کر داد حاصل کی۔ انہوں نے پروین شاکر اور دیگر شعراء کا کلام بھی پیش کیا ۔سیمینار کے مہمان خصوصی وفاقی ٹیکس محتسب کے سابق مشیر محمد صدیق نے شاندار تقریب کے انعقاد پر وفاقی ٹیکس محتسب کے سویڈن کیلئے اعزازی مشیر ڈاکٹر عارف کسانہ اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے محتسب کےادارے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہ جدید دور میں سویڈن نے محتسب کے نظام کو دنیا میں متعارف کروایا لیکن بنیادی طور پر یہ تصور بھی اسلام سے لیا گیا۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہیں نے کہا کہ حضرت عمرؓ کے دور میں محتسب کا نظام دنیا میں پہلی مرتبہ قاضی القضاہ کی صورت میں وجود میں آیا جو ترکی کی اسلامی حکومت میں بھی قائم رہا۔ ماضی میں جب سویڈن کے بادشاہ کو ترکی میں سیاسی پناہ لینا پڑی اور پھر واپس سویڈن آکر انہوں نے یہاں محتسب کا نظام قائم کیا۔پاکستان میں پہلے وفاقی محتسب کا قیام عمل میں لایا گیا اور بعد ازاں الگ سے وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ قائم ہوا۔ اس وقت پاکستان کے بڑے شہروں میں وفاقی ٹیکس محتسب کے ذیلی دفاتر قائم ہیں جو عوام کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہیں۔ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر محمد آصف جاہ کی سربراہی میں اس ادارے کی کارکردگی کو سب نے سراہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر علامہ اقبال اور قائد اعظم کی جانب ٹیکس ادا کرنے کی دستاویزات سلائیڈز پر پیش کی۔