تہران (اے ایف پی)ایران نے سوئیڈن سے سفارتی تعلقات کی بحالی قرآن پاک کی حرمت سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے سفارتکاروں کی واپسی سے قبل سوئیڈش حکومت گستاخانہ اقدامات کیخلاف کارروائی کرے ، ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے سوئیڈش ہم منصب کو بتایا کہ سوئیڈن اپنے اقدار کا دفاع کرتے ہوئے دو ارب مسلمانوں کے اقدار کو نظر انداز کررہا ہے جو ناقابل قبول ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ حسین امیر عبدللہیان نے اپنے سوئیڈش ہم منصب توبائس بل اسٹرول کیساتھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کی جس میں قرآن پاک کی توہین کے واقعات کا معاملہ اٹھایا گیا ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سفارت کاروں کے تبادلہ کے معاملے پر ہم سوئیڈن کی جانب سے قرآن پاک کی توہین سے متعلق اچھے اقدام کے منتظر ہیں۔