کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کے سلسلے میں جس طرح حکومتی سطح پر مہم جاری ہے اور عوام کی عزت نفس مجروح کرنے کے ساتھ میٹر اتارنے اور کنکشن کاٹنے کیساتھ جرمانوں کا جو سلسلہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں جاری ہے کاش حکمران بیروزگاری و مہنگائی کے خاتمے کیلئے بھی کوئی مہم چلاتے تو عوامی سطح پر انہیں پذیرائی ملتی۔ آج ملک کی معاشی صورتحال سے ہر طبقہ پریشان اور بیروزگاری و مہنگائی کی وجہ سے نوجوان منشیات جیسی لعنت میں مبتلا ہورہے ہیں۔ پورے صوبے میں منشیات کے بڑھتے رجحان نے کئی گھرانے تباہ کردیئے کاش حکمران بجلی چوری مہم کی طرح منشیات کی بڑھتی لعنت کی روک تھام کیلئے بھی کوئی اقدام کرتے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک جانب حکومتی سطح پر مہنگائی تو دوسری جانب مصنوعی مہنگائی نے عوام سے دووقت کی روٹی بھی چھین لی۔ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں نےاس بہتی گنگا میں اپنے ہاتھ صاف کرنے میں کوئی دیر نہیں کی۔ کاش کہ حکمران یہاں بھی گرانفروشی و ذخیرہ اندوزی کے خاتمے اور عوام کے ریلیف کیلئے اقدامات کرتے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی بڑھتی لعنت اور گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔