لیڈز (افتخار کلوال) لیڈز میں ٹیکسی ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ شہر کے مرکز میں طویل عرصے سے سڑکوں کے کام کی وجہ سے انہیں روزی کمانے میں شدید مشکل کا سامنا ہے، پچھلے سال سٹی اسکوائر کو پیدل چلنے والوں کیلئے بہتر بنانے کی غرض سے کام شروع کیا گیا تھا، ٹیکسی ڈرائیورز نے کہا کہ یہ کام ان کی روزی کو ختم کر رہا ہے بعض ٹیکسی ڈرائیورز کو اپنی روزی میں 50فیصد کمی کا سامنا ہے۔ لیڈز سٹی کونسل نے کہا ہے کہ کام مکمل ہونے کے قریب ہے اور یہ اسکیم بسوں، پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کیلئے سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ رش کو کم کرے گی تاہم ٹیکسی ڈرائیورز کو شکایت ہے کہ وہ شہر کے وسط سے جس سمت بھی جائیں انہیں ایک رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ٹرین اسٹیشن سے باہر نکلتے میٹر پانچ پائونڈز سے زیادہ دکھاتا ہے جس سے مسافروں کو لگتا ہے ڈرائیور انہیں لوٹ رہے ہیں، مسافر ٹیکسی ڈرائیورز سے بحث کرتے ہیں، اسکوائر کے کام کی طوالت سے ٹیکسی ڈرائیورز اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ کونسلر ہیلن ہیڈن ایگزیکٹو ممبر برائے انفراسٹرکچر اور ماحولیات نے کہا کہ وہ ٹیکسی ڈرائیورز کی مشکلات کو سمجھتی ہیں ،کام مکمل ہونے کے بعد ٹیکسی ڈرائیورز کو مستقبل میں معاشی فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ سٹی اسکوائر مزید پرکشش ہوجائے گا اور زیادہ لوگ لیڈز کا رخ کریں گے۔