برمنگھم(پ ر) جماعت اسلامی پاکستان کےامور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی نے کہا کہ عالم اسلام کے رہنما اور مفکر سید مودودیؒ کے عملی فکری اور تحقیقاتی کام سے انسانیت کو فائدہ اٹھانا چاہئے، انہوں نے سیاسی اور جمہوری راستہ اپنایا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو قائم کرنے سے انسانیت کو عدل ، انصاف اور امن مل سکتا ہے ۔اللہ کی رہنمائی دنیا اور آخرت میں کامیابی کی منزل ہے ،پاکستان کو جن مقاصد اور دو قومی نظریئے کی بنیاد پر قائم ہوا، اس پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے ملک بحرانوں اور مشکلات کا شکار ہے ،کہیں پر بھی عدل اور انصاف نہیں، پاکستان کا مستقبل اسلامی جمہوریہ پاکستان سے وابستہ ہے ،سید مودودی فائونڈیشن کے زیر اہتمام سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ یورپ جیسے تعلیم یافتہ اور جمہوری ملکوں میں سید مودودی کی فکر کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،اسلامی نطام میں ہی انسانیت کی فلاح ہے انسانوں کے بنائے ہوئے قوانین کی وجہ سے دنیا میں امن نہیں ہے، اسلام تمام طبقات کیلئے انصاف جان و مال کا تحفظ مہیا کرتا ہے ۔ اسلامک فاونڈیشن لیسٹر کے ڈائریکٹر جنرل فاروق مراد نے کہا کہ سید مودودی کو جن لوگوں نے نہیں پڑھا وہ اسلام کے بارے میں کنفیوژ ہیں ،اسلام عدل اور انصاف کا دین ہے تمام طبقات کیلئے برابر کے حقوق ہیں۔ یوکے اسلامک مشن کے صدر ڈاکٹر حماد لودھی نے کہا برطانیہ اور یورپ میں آباد مسلمان اپنی نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں، اسلام کے پیغام کو دلائل کے ساتھ پیش کریں ۔ صحافی سید مجتبیٰ نے کہا کہ مغربی دنیا میں سید مودودی کی فکر سمجھنے کی کوشش ہورہی ہے ،تعلیمی اداروں میں اسلام اور سید مودودی کی فکر پر بحث ہورہی ہے، سید مودودی نے جس طرح اسلام کو سیاسی جمہوری انداز میں پیش کیا اس سے تعلم یافتہ طبقہ متاثر ہوا ہے۔ کانفرنس سے سید مودودی فاونڈیشن کے چیئرمین محمد غالب، سرپرست اعلیٰ علامہ سرفراز مدنی، بانی رہنما عبدالکریم ثاقب، مفتی عبدلمجید ندیم نے بھی خطاب کیا۔ قاری محمد طیب کی تلاوت قران پاک سے کانفرنس کا آغاز کیا گیا قاری عثمان نے نعت شریف پیش کی معروف شاعر فاروق نسیم نے سید مودودی پر اپنی نظم اور شاہنواز علی حیدر نے ترانہ پیش کیا۔