• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن پیش رفت، حلقہ بندیاں، ابتدائی فہرست، کراچی میں نمائندگی بڑھ گئی، سانگھڑ میں کم، 26 نومبر تک اعتراضات پر فیصلے

اسلام آباد(ایجنسیاں)ملک میں عام انتخابات کے انعقاد میں پیش رفت ‘ الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری 2023ء کے تحت ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی ہے۔ کراچی میں قومی اسمبلی کی نشستیں 21 سے بڑھ کر 22 ہوگئیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستیں 44 سےبڑھ کر47 ہوگئی ہیں‘ضلع ملیر، ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں ایک ، ایک نشست کا اضافہ ہوا ‘سانگھڑ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی ایک، ایک جبکہ خیرپور اور ٹھٹھہ سے صوبائی اسمبلی کی ایک، ایک نشست کم ہوئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی عمومی نشستوں کی تعداد 266 ہے جبکہ ایک حلقہ میں ووٹروں کی تعداد 8 لاکھ سے زائد رکھی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کی کل جنرل نشستوں کی تعداد 297برقرار ہے، سندھ اسمبلی کی کل جنرل نشستوں کی تعداد 130ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں کل عمومی نشستوں کی تعداد 115جبکہ یہاں حلقوں میں ووٹروں کی تعداد 3سے 5لاکھ کے درمیان ہے‘ بلوچستان اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 51جبکہ حلقوں میں ووٹروں کی تعداد 2سے 4لاکھ کے درمیان رکھی گئی۔ یہ تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دی گئی ہیں۔ ابتدائی حلقہ بندیوں کے نقشہ جات بھی ویب سائٹ پر موجود ہیں، ان حلقہ بندیوں کی اشاعت کے 30 دن (27اکتوبر) تک اعتراضات یا تجاویز جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن 28اکتوبر سے 26 نومبرتک ان اعتراضات پر فیصلے کرے گا۔ تجاویز یا اعتراضات جمع کرانے کیلئے لازم ہے کہ اعتراض کنندہ متعلقہ حلقے کا ووٹر ہو۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ اعتراضات نمٹانے کے بعد 30نومبر کو حتمی انتخابی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کسی بھی صوبے کی کل نشستوں کو ووٹروں کی مجموعی تعداد کے ساتھ تقسیم کرکے ہر حلقے میں کوشش کی گئی ہے کہ مساوی ووٹرز ہوں تاہم بلوچستان میں کئی نشستیں مختلف اضلاع پر بھی مشتمل ہیں۔ قومی اسمبلی کی وفاقی دارالحکومت سے تین، پنجاب سے141،سندھ سے61، خیبرپختونخوا 45اور بلوچستان میں 16نشستیں ہیں جبکہ ملک بھر میں کل 60 قومی اسمبلی کی مخصوص نشستیں ہوں گی۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 297جبکہ خواتین کی 66اور نان مسلم کی 8نشستیں ہوں گی۔ سندھ میں جنرل نشستیں 130، خواتین 29، نان مسلم کی 9نشستیں ہوں گی۔ خیبرپختونخوا کی 115جنرل، 26خواتین، 4غیر مسلم جبکہ بلوچستان کی 51جنرل، 11خواتین اور 3غیر مسلموں کیلئے نشستیں ہوں گی۔ قومی اسمبلی کیلئے پنجاب میں ایک نشست کیلئے آبادی کی کم سے کم تعداد 9لاکھ 5ہزار 595، سندھ کیلئے 9 لاکھ 13ہزار 52، خیبرپختونخوا کے لئے 9لاکھ 7 ہزار 913، بلوچستان کیلئے 9لاکھ30ہزار 900 جبکہ اسلام آباد کیلئے 7لاکھ 87ہزار 954رکھی گئی ہے۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی میں جنرل نشست کیلئے 4لاکھ 29ہزار 929، سندھ4لاکھ28ہزار 432 ، خیبر پختونخوا3 لاکھ55ہزار270جبکہ بلوچستان کے لئے 2 لاکھ 92ہزار 47رکھی گئی۔

اہم خبریں سے مزید