اسلام آباد (نمائندہ جنگ )گوادر بندرگاہ کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے فعال بنانے کی کوششیں تیز‘ وزارت بحری امور نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ اتھارٹی اور ایک چینی کمپنی کے درمیان گوادر بندرگاہ پر سرمایہ کاری بڑھانے کے معاہدے پر اتفاق ہوا ہے‘وزیر بحری امور جنید انورکاکہنا ہے کہ حکومت گوادر کو ایک عالمی بحری گزرگاہ اور صنعتی مرکز بنانے کے لئے پرعزم ہے ‘ اس نوعیت کی شراکت داریاں پاکستان کی بحری اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کریں گی۔تفصیلات کے مطابق وزارت بحری امور کا کہنا ہے کہ چین کی شننگ انٹرپرائز نے گوادر پورٹ اتھارٹی کے ساتھ ایک مفاہمتی خط (ایل او آئی ) پر دستخط کیے ہیں تاکہ گوادر بندرگاہ اور اس کے فری زون میں صنعتی و تجارتی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ ان منصوبوں میں گوادر بندرگاہ کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ مرکز کے طور پر ترقی دینا، نئے صنعتی منصوبے شروع کرنا، گوادر فری زون میں موجود سہولیات کو بہتر بنانا، اور صنعتوں کی منتقلی شامل ہیں۔