• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دواؤں کی قیمتوں میں 90؍ فیصد ریلیف کیلئے جنریک پالیسی پر عمل کرایا جائے، ٹی آئی پی

انصار عباسی

اسلام آباد:…ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان (ٹی آئی پی) نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنیرک دواؤں کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ تنظیم نے برانڈیڈ اور نان برانڈیڈ دواؤں کی قیمتوں میں وسیع فرق کو اجاگر کیا ہے، جس سے ہر سال قومی خزانے اور عوام کو اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال کے نام ایک خط میں ٹی آئی پی نے نشاندہی کی ہے کہ پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کی 2021ء کی ہدایت پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، جس میں ڈاکٹروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ دواؤں کے برانڈ نیم کے بجائے جنیرک ناموں سے نسخے لکھیں۔ خط میں دواؤں کی قیمتوں میں خطرناک حد تک پائے جانے والے فرق کا ذکر کیا گیا ہے، جہاں کچھ برانڈیڈ دواؤں کی قیمتیں ان کے جنیرک متبادل سے تین سے چار ہزار فیصد زیادہ ہیں۔ 300؍ ملی گرام کی اسپرین گولیوں کے تقابلی جائزے میں قیمتیں 47؍ روپے سے لے کر 300؍ روپے تک پائی گئیں، جبکہ بعض برانڈز نے یہی دوا پانچ گنا مہنگی فروخت کی۔ پنجاب حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں اور مارکیٹ ریٹ کے درمیان بھی بہت بڑا فرق دیکھا گیا۔ مثلاً، جنیرک  10؍ ملی گرام پنجاب حکومت کے نرخ کے مطابق 3.07؍ روپے میں دستیاب ہے، جبکہ اسی دوا کا برانڈ  93؍ روپے میں فروخت ہو رہا ہے (جو 3؍ ہزار 29؍ فیصد زیادہ ہے)۔ اسی طرح،  20؍ ملی گرام کی جنیرک قیمت 1.70؍ روپے ہے، جبکہ  برانڈیڈ کی قیمت 67.85؍ روپے ہے (جو کہ 3؍ ہزار 991؍ فیصد زیادہ ہے)۔ جنیرک پالیسی پر عملدرآمد عوام کے طبی اخراجات میں 90؍ فیصد تک کمی لا سکتا ہے۔ ٹی آئی پی نے زور دیا ہے کہ جنیرک دواؤں سے کم آمدنی والے طبقات کیلئے علاج سستا ہوگا، معاشرتی گروہوں کے درمیان مساوی علاج ممکن ہوگا، قیمتیں کم اور مقامی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی جدت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ٹی آئی پی نے وزیر صحت پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری اور نجی شعبوں میں ڈریپ کی جنیرک نسخہ پالیسی پر عملدرآمد کرائیں، سرکاری دواؤں کی خریداری کیلئے کم قیمت پر خریداری کے طریقے اپنائیں اور موجودہ احکامات کی عدم تعمیل کی تحقیقات کرائیں۔

اہم خبریں سے مزید