کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ʼʼکیپٹل ٹاکʼʼ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئےمشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 5 اگست جیسے اہم دن پر تحریک انصاف کو احتجاج سے گریز کرنا چاہئے تھا،رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ کیا کشمیر اور عمران خان کا نعرہ اکٹھا نہیں لگ سکتا کیا یہ متصادم نعرے ہیں یقیناً ایسا نہیں ہے یہ حکومت کی تنگ نظری ہے،میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے5 اگست کی تاریخ کیوں چنی۔ مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جمہوریت بات چیت سے آگے بڑھتی ہے ڈیڈ لاک سے نہیں مگر گزشتہ 13، 14 سال سے سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈیڈ لاک چلا آ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ زرتاج گل سمیت پی ٹی آئی قیادت نے لوگوں کو اُکسایا جس کے نتیجے میں ان کے گھر کو جلانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست جیسے اہم دن پر تحریک انصاف کو احتجاج سے گریز کرنا چاہیے تھا۔ رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ تین روز پہلے ہی سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا اس کے باوجود لوگ سڑکوں پر نکلے۔ کیا کشمیر اور عمران خان کا نعرہ اکٹھا نہیں لگ سکتا کیا یہ متصادم نعرے ہیں یقیناً ایسا نہیں ہے یہ حکومت کی تنگ نظری ہے۔