• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رسول محتشمﷺ پوری انسانیت کیلئے خیر کا ذریعہ بن کر آئے، علامہ ربانی افغانی، علامہ شاہجہان مدنی، مفتی نصیر نقشبندی

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) حضور اکرم ﷺکے مکارم اخلاق کائنات میں سب سے اعلی افضل ہیں۔ آپﷺ نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا برطانیہ میں رہنے والے نوجوانوں کو نبی کریم ﷺ کی سیرت کو پڑھنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار فیضان اسلام مانچسٹر میںسالانہ میلاد النبیﷺ کانفرنس کے موقع پر فضیلت الشیخ علامہ غلام ربانی افغانی، علامہ شاہجہان مدنی مفتی نصیر اللہ نقشبندی اور دیگر علماء کرام نے خطاب میں کیا۔ علامہ غلام ربانی افغانی نے برطانیہ میں رہنے والے مسلمان خصوصا پاکستانی نوجوانوں کے حالات پر تفکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان دین اسلام کے طریقے کو بھولتے جا رہے ہیں، برطانیہ میں اسکولز ، کالجز، یونیورسٹیز میں ہمارے نوجوانوں کی تعداد کم ہو رہی ہے اور جرائم میں وہ زیادہ ملوث ہو رہے ہیں، اس کیلئے بزرگوں اور کمیونٹی رہنماؤں کو باہمی اختلافات ختم کر کے نوجوانوں کو عملی تربیت دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول محتشمﷺ پوری انسانیت کیلئے خیر کا ذریعہ بن کر آئے اور ان کی تمام تعلیمات انسانیت کی فلاح اور بہبود پر محیط ہے ،انہوں نے کہا کہ مسلم امہ باہمی اختلافات ختم کر کے رسول ﷺکے اسوۂ حسنہ کی تعلیمات کو عام کرے۔ علامہ شاہجہان مدنی نے کہا کہ رسول اکرم ﷺنے انسانیت کو امن اور سلامتی کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول ﷺکو اللہ کریم نے رحمت اللعالمین بنا کر مبعوث فرمایا ۔مفتی نصیراللہ نقشبندی نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت کی تعلیمات سے نئی نسل کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔علامہ عمران حبیب نے کہاکہ امت مسلمہ کو تفرقہ بازی سے گریز کرتے ہوئے حبیب کبریاﷺ کی محبت کو عام کرنے اور عمل کرکے پوری انسانیت کو اسلام کی عظمت سے آگاہ کرنا چاہئے۔ اس موقع پر ثناء خوان حامد شریف ،صوفی محمد طارق نے ہدیہ تبریک بحضور سرور کونینﷺ پیش کئے۔ کانفرنس منتظم اعلیٰ مقبول احمد نے کہا کہ ذکر الٰہی اور درود پاک کی کثرت دکھوں میں راحت کا ذریعہ ہے۔ ڈاکٹر عبدالجبار نے کہاکہ فیضان اسلام مرد و خواتین میں حب رسول ﷺکو اجاگر کرنے کیلئےکوشاں ہے۔سماجی رہنما انٹرنیشنل نعت کونسل کے مرکزی رہنما چوہدری نصیر احمد ساہیوالی نے کہا کہ میلاد النبی ﷺکو تزک احتشام سے منانے کا مقصد بچوں، بچیوں کے دلوں میں محبت رسولﷺ پید کرنا ہے۔ کانفرنس میں فضیلۃ الشیخ علامہ غلام ربانی افغانی نے انگلش میں نو مسلموں اور نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے رسولﷺ کے انسانیت اور امن کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا اور خصوصی دعا کرائی، اس موقع پر امام قاری راشد، ڈاکٹر سندھی، ڈاکٹر بشیر احمد اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید