• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رسولﷺ کی تعلیمات سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا ضروری ہے، مقررین

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) چرچ روڈ کمیونٹی سنٹر ولزڈن گرین میں اردو تحریک عالمی یو کے کا ماہانہ اجلاس ہوا۔ تنظیم کی صدر و منتظم اعلی قمر مرتضیٰ قریشی نے صدارت کی نظامت کے فرائض پروفیسر شاہد اقبال نے ادا کئے۔ مرتضیٰ قریشی نے ربیع الاول کی مناسبت سے پیغمبر آخرالزمان حضرت محمدﷺ کی شان اقدس بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب اور اردو بولنے اور سمجھنے والوں کیلئے خوشی کی بات ہے کہ اردو زبان کو یو این او نے دنیا کی تیسری بڑی زبان کا درجہ دے دیا ہے ۔یہ زبان ادب کا خزانہ ہے ، میری خواہش اور اپیل ہے کہ اپنے بچوں کو اردو زبان ضرور سکھائیں ۔مرتضیٰ قریشی نے کشمیر کے بارے میں پروفیسر شاہد اقبال کی خدمات کو سراہا۔ پروفیسر شاہد اقبال نے کہا کہ مائیکل ہارٹس نے اپنی کتاب( hundred A, grade personalities of the world )میں پہلا نام حضرت محمدﷺ کا لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں رسول ﷺکی تعلیمات اور سیرت النبیﷺ کے بارے میں نوجوان نسل کو تعلیم و تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ مہمان خصوصی عقیل دانش نے مرتضٰی قریشی کی خدمات کے سلسلے میں کہا کہ انہوں نے محنت اور لگن کے ساتھ اس درخت کی آبیاری کی جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے ،اللہ ان کی صحت اور عمر میں برکت عطا فرمائے،آمین۔ عقیل دانش نے نبی کریمﷺ کی شان میں اپنا نعتیہ کلام بھی پیش کیا۔ مہمان اعزازی ڈاکٹر کامران رعد نے بھی اپنا نعتیہ کلام پیش کیا جس میں پیغمبر آخرالزمان حضرت محمدﷺکی امت اور صحابہ کرام سے محبت، خصوصی طور پر حضرت ابو بکرؓ، حضرت عمرفاروقؓ، حضرت عثمان غنیؓ اور حضرت علیؓ کی نبیﷺ سے محبت کو اجاگر کیا گیا ۔ مہمان اعزازی محمد بشیر خان، سینئر شاعر محمود علی، اسلم رشید اسلم، حاجی محمد جہانگیر ،قیصر محمود، مہمان اعزازی فرحانہ غزالی ، سدھرا جی،کامران زبیر کامی، ایڈووکیٹ آفتاب احمد اور کشمیری رہنما چوہدری صدیق نے ہدیہ نعت بحضور سرور کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ پیش کی۔ تنظیم کے سینئر رکن و چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سمیع زبیری بیمار ہونے کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے، انہوں نے اپنی نیک خواہشات کا پیغام دیا ۔ کالم نویس ثروت اقبال نے ان ادبا و شعرا جنہوں نے اس دنیا کو خیر باد کہہ دیا کیلئے ذکر خیر کیا اور ان مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔ پاکستان کمیونٹی سنٹر کے رہنما اور سابق میئر کونسلر ڈار نے تنظیم اردو تحریک عالمی یو کے ،کی اردو ادب کے کیلئے خدمات کی تعریف کی اور صدر تنظیم مرتضٰی قریشی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ آخر میں صدر تنظیم مرتضٰی قریشی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اکتوبر کے آخری پیر کو اگلی ماہانہ ادبی محفل میں شرکت کرنے کی پیشگی دعوت دی۔

یورپ سے سے مزید