لندن (جنگ نیوز) مستونگ سمیت پاکستان کے دیگر مقامات پر دہشت گردی کی وارداتوں میں درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے پر لندن کے سماجی شخصیت سربلند نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد شہید ہیں اور حملہ آور جہنمی ہیں جنہیں ورغلاکر اس کام پر آمادہ کیا گیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کو ورغلانے والے افراد پر ہاتھ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی موجودہ لہر سے جلد نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان کے عوام پہلے ہی دہشت گردی کی جنگ میں بے بہا قربانیاں دے چکے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں زندگی کھونے والے افراد کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا بھی کی اور زخمیوں کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔