برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) کشمیریوں کو شامل کئے بغیر مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں، اگر حل کر بھی لیا جائے تو کشمیری قبول نہیں کریں گے۔ برطانیہ سے تحریک آزادی کشمیر کیلئے سفارتی محاذ پر بہت کام ہوا ہے۔ اگر بیس کیمپ سے بھی کام ہوتا تو مسلہ کشمیر حل ہو چکا ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر ڈسٹرکٹ بار میرپور و سابق چیئرمین پیپلز نیشنل پارٹی ذوالفقار احمد راجہ ایڈووکیٹ نے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں شامل والتھم سٹو کمیونٹی چیئرمین الحاج راجہ اللہ دتہ، بیرسٹر واجد بشیر، کونسلر خان، آصف خان، راجہ جاوید اقبال اور دیگر شامل تھے۔ ذولفقار احمد راجہ کا کہنا تھا۔ اوورسیز کمیونٹی نے جہاں تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا وہاں ملک میں زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا حالیہ آزاد کشمیر میں عوامی تحریک بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں بے جا ٹیکسز کے اندراج کے خلاف عوامی ردعمل تھا۔