کراچی(اسٹاف رپورٹر)امانت دار ویلفیئر ٹرسٹ نے یتیموں کے دن کو اجاگر کرنے کیلئے یتیم بچوں کی خوشی کیلئے ان کے ساتھ دن منایا، ہر بچے کو اس کی پسند کے مطابق تحفے دیئے گئے بچوں کے چہروں پر پھیلنے والی مسکراہٹیں قابلِ دید تھیں۔تقریب میں بچوں کیلئے مختلف اقسام کی تفریحات، گیمز اور انواع اقسام کے مزیدار کھانوں کا اہتمام کیا گیا تاکہ ان کی خوشیوں کو بڑھایا اور یادگار بنایا جاسکے۔ یتیموں کے دن کی سالانہ تقریب امانت دار ویلفیئر ٹرسٹ ہر سال مناتا ہے۔ تقریب میں مختلف یتیم خانوں اور فوسٹر کئیر ہومز اور دیگرمختلف علاقوں سے آنے والے بچے شریک ہوئے، جن کی خوشیوں کو یادگار بنانے کےلیے امانت دار ویلفیئر ٹرسٹ کے مخصوص والنٹیئرز، اسٹاف اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی اور یتیم بچوں کی خوشی اور دلجوئی کیلئے رضا کارانہ طور پر کام کیا تاکہ اس دن کوان بچوں کیلئے یادگار بنایا جاسکے۔ اس موقع پر کھیل، کہانیاں سنانا، فن اور ہنر کے ورکشاپس اور حیرت انگیز جادو کے شوز کا انعقاد کیا گیاجن سے بچے لطف اندوز ہوئے، تنظیم کے بانی و ٹرسٹی کریم اللہ عدنی اور محترمہ صائمہ عدنی نے کہا کہ یتیموں بچوںکایہ دن ہمارے دلوں میں ایک خصوصی جگہ رکھتا ہے کیونکہ یہ محبت، دیکھ بھال، اورمعاشرے کیجانب سے حمایت کی اہمیت اور ضرورت دوبارہ تازہ کرتا ہے۔ ہم اپنے والنٹیئرز، ڈونرز، اور شراکت داروں کو اس دن کو ممکن اور یادگار بنانے کیلئے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کیوں کہ ان کی حمایت اور کوششوں بغیر کسی بھی طرح ممکن نہیں۔