لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک اور خطرناک جان لیوا وائرس نپاہ (Nipah) کا خطرہ منڈلانے لگا، محکمہ صحت پنجاب نےنپاہ وائرس کے ممکنہ خطرے اور پھیلاؤ کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے گائیڈ لائنز تمام سی ای او زکو مراسلے کی صورت میں بھجوا دیں،جس میں نپاہ وائرس کو ایک خطرناک وائرس قرار دیا گیاجس سے متاثرہ افراد میں اموات کی شرح 74 فیصد بتائی گئی ہے۔
نپاہ وائرس ہمسایہ ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور خدشہ ہے کہ یہ وائرس پاکستان میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔نپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں اور ایک شخص سے دوسرے شخص میں بہت جلد پھیلتا ہے،وائرس کی کوئی ویکسین نہیں لہٰذا بروقت تشخیص سے علاج کرکے ہی بچاؤ ممکن ہے۔
محکمہ صحت کے مراسلے کے مطابق ابتدائی تحقیق سے یہ وائرس چمگادڑوں اور خنزیروں سمیت دیگر جانوروں میں پایا گیا اور وہاں سے انسانوں میں منتقل ہوا جبکہ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں بھی منتقل ہوسکتا۔