اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کیلئے حکومتی سہولیات تک رسائی کو مزید آسان بنائیں، حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال سے حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے۔ وزیر اعظم نے یہ ہدا یت گزشتہ روز اپنی زیر صدارت این آئی ٹی بی (NITB) کی امور پر منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی ۔ وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ وزارتوں کی طرف سے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کےلیے بھرپور تیاریوں کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیو آر بیسڈ فیڈ بیک سسٹم کا جلد جائزہ اجلاس لوں گا ۔ وزیراعظم کو دی گئی بر یفنگ میں بتایاگیا کہ این آئی ٹی بی کے نئے سی ای او کی تعیناتی کے بعد ادارے کے پورے ڈھانچے کو عصری تقاضوں کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے، اسلام آباد میں شہریوں کے لیے آسان خدمت مرکز کھولنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں،سرکاری شعبے کے تمام اداروں کے لیے ایک محفوظ نئے ایپ کا جلد اجراء کیا جائے گا۔