نئی دہلی( نیوز ڈیسک) بھارت کی مودی سرکار کے ٹیکنالوجی کے دعوے بےنقاب،بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کا ایک راکٹ پیر کے روز لانچ کے فوراً بعد اپنا راستہ بھٹک گیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق راکٹ کے راستہ بھٹکنے کے نتیجے میں زمین کی نگرانی کرنے والے سیٹلائٹ سمیت 16 آلات اور سیٹلائٹس لے جانے والا مشن ناکام ہوگیا۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ اسرو کے قابلِ اعتماد سمجھے جانے والے راکٹ کے لیے ایک اور دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (پی ایس ایل وی) کو گزشتہ تقریباً 8 ماہ میں پیش آنے والی دوسری ناکامی ہے جس سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔پی ایس ایل وی-سی 62 کو صبح 10 بج کر 18 منٹ پر جزیرہ سری ہری کوٹا میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا تھا، راکٹ زمین کے مشاہداتی سیٹلائٹ EOS-N1 کے علاوہ 16 دیگر پے لوڈز لے جا رہا تھا جو بھارت اور بیرونِ ملک کی اسٹارٹ اپ کمپنیوں اور تعلیمی اداروں نے تیار کیے تھے۔اسرو کے مشن کنٹرول کے مطابق راکٹ نے پرواز کے بیشتر حصے میں معمول کے مطابق کام کیا تاہم بعد میں اچانک خلل پیدا ہوا اور راکٹ اپنے مقررہ راستے سے ہٹ گیا۔اسرو نے ایک بیان میں کہا کہ پی ایس ایل وی-سی 62 مشن کو پی ایس 3 مرحلے کے اختتام پر ایک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس حوالے سے تفصیلی تجزیہ شروع کر دیا گیا ہے۔