• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے ریلوے اسٹیشنز پر 200 ہائی ٹیک کیمرے لگائے جائیں گے

کراچی( ثاقب صغیر )کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے تحت رواں برس کراچی کے ریلوے اسٹیشنز پر 200 ہائی ٹیک کیمرے لگائے جائیں گے۔سی پی کے مطابق ریلوے اسٹیشنز کے داخلی اور خارجی راستوں پر چہرہ شناخت کیمرے اور بلٹ کیمرے لگائے جائیں گے جس سے ریلوے اسٹیشنز پر نگرانی کے عمل کو موثر بنایا جا سکے گا۔ اگلے مرحلے پر کراچی کے شاپنگ مالز میں بھی کیمرے لگائے جائیں گے جنھیں تلاش ایپ سے منسلک کیا جائے گا۔کیمیونٹی پولیسنگ کراچی کے چیف مراد علی سونی نے بتایا کہ سی پی کے کے تحت کراچی کے 18 تھانوں میں اب تک کیمرے لگائے جا چکے ہیں جو اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ریکارڈ سے لنک ہیں اور ان تھانوں کی حدود کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سی پی کے کے تحت تھانہ جوہر آباد ،یوسف پلازہ اور سکھن میں بھی کیمرے لگائے جا رہے ہیں اور جلد ان کا افتتاح بھی کر دیا جائے گا جبکہ سال 2026 کے دوران ضلع ایسٹ کے تھانے گلشن اقبال اور گلستان جوہر سمیت 6 تھانوں میں بھی کیمرے لگائے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ چار سال میں سی پی کے کے تحت اب تک شہر میں 2 ہزار سے زائد کیمرے لگائے جا چکے ہیں جن کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اب تک سی پی کے کے کیمروں کی مدد سے 400 سے زائد ملزمان پکڑے جا چکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید