کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے چیئر مین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، سینئر مرکزی رہنماڈاکٹر فاروق ستار اور مرکزی رہنماحیدرعباس رضوی نے کہا ہےکہ کراچی غلاموں کا نہیں آزادی دلانے والوں کا شہر ہے پاکستان ہمارا عشق ہے، گھروں سے نکلنے کا وقت آچکا ہے ، پاکستان کو بچانے کیلئے کراچی کو بچانا ضروری ہے ،شہر کی موجودہ صورتحال کسی سےڈھکی چھپی نہیں ہے عوام کی نظریں ایک بار پھر ایم کیو ایم پر مرکوز ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام مرکز بہادر آباد سے متصل پارک میں کراچی بچاؤ مہم کے حوالے سے ٹاؤنز یوسیز اور مرکزی شعبہ جات کے ذمےداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ کراچی غلاموں کا نہیں آزادی دلانے والوں کا شہر ہے ،پاکستان ہمارا عشق ہے، گھروں سے نکلنے کا وقت آچکا ہے ایک لاکھ انسانی دستخط کا بوجھ پاکستان کا نظام انصاف اٹھا نہیں پارہا ہے شنگھائی نے پورے چائنا کو بنا دیا، جو تباہی چاہتے ہیں انہیں آباد کرکے دکھانا ہے۔