• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی کریمﷺ رحمت اللعالمین اور قرآن پاک رہنمائی کا ذریعہ ہے، سینیٹر عبدالغفور حیدری

ویکفیلڈ (وقار ملک ) جامع مسجد سنٹرل ویکفیلڈ میں سالانہ توحید و سنت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں یورپ ،یوکے سے مندوبین نے شرکت کی اور ممتاز علماء و مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے دین اسلام سے متعلق انتہائی پُر اثر خطابات کئے۔ مہمان خصوصی جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے رہنما ، سینیٹر عبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کا نظام نافذ کر کے ہی ہم بحران کا خاتمہ کر سکتے ہیں ،نبی کریمﷺ رحمت اللعالمین ہیں اور آپﷺ کو عطا کی گئی کتاب وہ آسمانی صحیفہ ہے جو پوری انسانیت کیلئے ہدایت اور رہنمائی کا ذریعہ ہے،اللہ کریم ہمیں اسلام اور پاکستان سے محبت اور نبی کریمﷺکی اتباع نصیب فرمائے، اسی میں ہی کامیابی ہے۔ حضور اکرمﷺکو اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی ہدایت کیلئے بھیجا ۔سینیٹر عبدالغفور حیدری نے پاکستان کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے دلخراش واقعات نے ہمیں مشکلات میں ڈال دیا ہے، ایک پرامن اور صاف ستھرے ماحول ہی میں انتخابات کا عمل ہونا چاہئے ،موجودہ حالات میں ہماری اور حساس اداروں کی ذمہ داری نہ صرف بڑھ گئی ہے ۔ دہشت گرد پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام کے پیچھے پڑ گئے ہیں، پاکستان اور جے یو آئی نے ہمیشہ امن اور سلامتی کا پیغام پھیلایا ، روزاول سے انسانیت کی فلاح اور قرآن وحدیث کی بات کی لیکن دشمن کو ہماری بات کی سمجھ نہیں آ رہی ہم تو ریاست پاکستان اور اپنے ملک کے دفاع کا فرض نبھا رہے ہیں۔ گوادر پاکستان کی خوشحالی کیلئے ایک اہم قدم ہے جس کی ریاست ترقی چاہتی ہے ۔جمعیت ریاست کے مفادات اور پالیسیوں کے ساتھ ہے لیکن افسوس بعض قوتوں کو یہ پسند نہیں کیونکہ ان کے اپنے مفادات ہیں اور وہ اپنے مفادات کو پورا ہوتا نہیں دیکھ رہے جس وجہ سے ہماری مخالفت شروع ہوئی لیکن ہم اپنی پالیسیوں پر ڈٹی ہوئے ہیں انھوں نے کہا کہ عمران خان ایک حادثاتی لیڈر اور پانی کا بلبلہ تھا جسے وقت کی نزاکت کے تحت عالمی قوتوں نے اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا تھا اور وقت کے ساتھ ہی ختم ہو گیا اس کی پارٹی بکھر گئی پی ٹی آئی تقسیم ہو گئی ہے، مختلف پارٹیوں سے شامل کئے گئے لوگ اپنے اپنے گھونسلوں میں واپس جا چکے ہیں یا نو دو گیارہ ہو گئے۔ عمران خان نے جو ریاست کے خلاف منفی رویہ اپنایا اس کی سزا تو بھگتنا ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ باہر کی دنیا میں پی ٹی آئی کی تعداد زیادہ ہے جبکہ پاکستان میں دن بدن دم توڑ رہی ہے سمندر پار لوگ حقیت سے واقف نہیں ہوتے انھیں پاکستان کی اندرونی سیاست ماحول کلچر کا علم نہیں ہوتا اسی لیے ایسے لوگ ہی میرا جسم میری مرضی کا نعرہ بھی لگاتے ہیں جو پاکستان جیسے کلچر اور مذہبی ملک میں ممکن نہیں پاکستان اسلامی نظریہ کی بنیاد پر بنا جس میں پی ٹی آئی نے اپنا کلچر دینے کو کوشش کی جس سے ماحول خراب ہوا ہے جو لوگ بیرون ممالک رہ کر پاکستان کی سیاست اور پی ٹی آئی کی بات کرتے ہیں دراصل وہ حقیقت سے دور ہیں انھیں پاکستان کے ماحول اور دین اسلام کو سمجھنا ہو گا۔ اس موقع پر امیر جماعت جمعیت علمائے اسلام یورپ حضرت مولانا عبدالحمید بھی موجود تھے جنھوں نے بلجیم کے شہر اینٹورپن میں بھی سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کو آنے کی دعوت دی ۔ 

یورپ سے سے مزید