مانچسٹر (نمائندہ جنگ) مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک کےزیراہتمام مانچسٹر میں میلاد النبی ﷺ کاسالانہ جلوس نکالا گیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں عظمت اور شان نبی اکرمﷺ پر روشنی ڈالی۔مقررین نے اطاعت رسول ﷺکو اختیار کرنے اور باہمی اتحاد پرزوردیا۔ جلوس کا آغاز دارالعلوم گھمگھول جامع مسجد ھملٹن روڈسے خطیب علامہ عبدالغفور چشتی کے خطاب و دعا سے ہوا۔جلوس میں ہزاروں لوگوں نےشرکت کی۔ جلوس کی قیادت مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک مانچسٹر کی مجلس شوریٰ کے ممبران کے علاوہ مرکزی جماعتِ اہل سنت کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری، علامہ ثاقب شامی، مفتی فضل سبحان، استادالقرا قاری جاوید اختر چشتی، چوہدری نصیر احمد ساہیوالی ،حافظ قاری معین اختر ،مفتی یو شا و دیگر علماء کرام ومشائخ عظام، مختلف مساجد کی میلاد کمیٹیوں کے اراکین درود وسلام پڑھتے ہوئے رواں دواں رہے۔ شرکائےجلوس کاجگہ جگہ لوگوں نے فقیدالمثال استقبال کیا اور کھانے پینے کے اسٹال لگا رکھے تھے۔ شرکائے جلوس پر گلپاشی بھی کی جاتی رہی۔ قادریہ جیلانہ اسلامک سنٹر کے سامنے جلوس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سید عبدالرحمن شاہ، چوہدری فاروق چیمہ، محمد افضل انصاری، امام مسجد قاضی نعمان، چاچانصیر احمد، محمد طارق، عابد علی، محمد صفدر بلوچ نے شرکائے جلوس کو ہار پہنائے ۔جلوس سٹاک پورٹ روڈ ، ڈکنسن روڈ سے ہوتا ہوا ویمزلو روڈ،مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک مانچسٹر پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع دعا کی گئی۔ انتظامیہ نے نظم و ضبط کو شاندار طریقے سے برقرار رکھا اور مرکزی میلاد جلوس کے باعث ٹریفک کو معمول کی طرح چلنے دیا گیا، انتظامیہ نے گریٹر مانچسٹر پولیس اور رضا کاروں کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک مانچسٹر میں مہمان خصوصی معروف عالم دین شیخ ثاقب شامی نےحبیب کبریا ﷺ واصحاب کی شان بیان کی۔ جلوس کے شرکاکو لنگر پیش کیا گیا ۔جامع مسجد وکٹوریہ پارک میں قادریہ جیلانہ اسلامک سنٹر کے والنٹیئرز اور دیگر نے بھی تواضع کی۔ جلوس میں دیگر مسالک کے علماء اور لوگوں نے بھی شرکت کی اور مسلم اتحاد کا مظاہرہ کیا۔جلوس میں نوجوانوں نےانگلش میں احادیث نبوی اور اتحاد امت کے تحریر کردہ پلے کارڈاٹھا رکھے تھے۔