لندن (جنگ نیوز) اوورسیز پاکستانیوں میں سیاسی تفریق کو ختم کرنے اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کیلئے لندن میں پاکستان اوورسیز ڈائسپورا کے نام سے ایک نئی تنظیم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پی او ڈی کے چیئرمین افضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اوورسیز ڈائسپورا ایک منفرد قسم کی تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان کے مفادات کو اجاگر کرکے ان کا تحفظ کرنا اور سیاسی ہم آہنگی پیدا کرکے اختلافات کوختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تنظیم کا دائرہ کار عالمی سطح پر پھیلایا جائے گا جس کے مثبت نتائج جلد نظر آئیں گے۔ تنظیم کے دیگرعہدیداران بدر چوہدری، افتخاراحمد افتی اور سیدہ مبشریٰ جہاں نے کہاکہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ پوری کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلیں اور اوورسیزپاکستانیوں کودرپیش مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر سیاسی تنظیم ہو گی جو بطور تھنک ٹینک کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پاکستان کی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے سبب تقسیم نظر آتی ہے، ہم ان میں ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کیا جائے۔