• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی 41 کینیڈین سفارتکاروں کو وطن واپس جانے کی ہدایت

کراچی(نیوز ڈیسک)بھارت نے کینیڈا کی حکومت کو 10 اکتوبر تک اپنے 41 سفارتکاروں کو وطن واپس بلانے کی ہدایت کی ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے نے فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کینیڈین حکومت کو دھمکی دی ہے کہ 10اکتوبر کے بعد بھارت میں رہ جانے والوں سفارتکاروں کے استثنیٰ کا حق ختم کر دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں کینیڈا کے 62سفارت کار موجود ہیں اور بھارتی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تعداد کم کی جائے۔کینیڈا کی جانب سے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارتی حکومتی ایجنٹس کے ملوث ہونے کے دعوے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں جبکہ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے حامی بھارت کے خلاف احتجاج کرتے نظر آتے ہیں۔گزشتہ ہفتے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے کہا تھا کہ کینیڈا میں بھارتی سفات کاروں کے خلاف تشدد کا ماحو ل اوردھمکی آمیز فضا ہے۔بھارتی حکومت نے سکھ رہنما کے قتل کے حوالے سے کینیڈا کی جانب سے عائد الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے تاہم وزیر خارجہ جے شنکر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ہردیپ سنگھ کے قتل کے حوالے سے فراہم کردہ کسی بھی مخصوص یا متعلقہ معلومات کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہیں۔یاد رہے کہ بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی پیدا ہونے کے بعد دونوں ممالک نے سفارت کاروں کو بے دخل کیا ،جبکہ بھارت نے کینیڈین شہریوں کے لیے ویزا سروس معطل کر دی۔

دنیا بھر سے سے مزید