کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستار چشتی نے روزنامہ جنگ کوئٹہ کے سب ایڈیٹر یوسفی بلوچ سے گزشتہ دنوں واپڈا گریڈ سریاب روڈمیں نامعلوم راہزنوں کی جانب سے اسلحہ کے زورپرموٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئٹہ شہراورگردونواح کے علاقوں میںراہزنی،چوری اورڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں جو پریشانی اور تشویش کی بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت ڈکیتی اورچوری کی واردتوں کی روک تھام میں مکمل طوپر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے حسی اور بے بسی سے کوئٹہ شہر سریاب روڈہزارگنجی، مسلم اتحاد کالونی، بند میٹھا چوک پشتون آباد کلی اسماعیل، ہدہ،چوروں، ڈاکوؤںاورمنشیات فروشوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ دن دیہاڑے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے عوام کی عزت اور جان و مال سب داؤ پر لگ چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈکیتی اور بدامنی کے واقعات اورمجرموں کی عدم گرفتاری حکومتی کاکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کےلیے اقدامات یقینی بنائیں۔انہوں نے صحافی یوسفی بلوچ کی موٹرسائیکل اور موبائل فون برآمد اور ملزمان کو جلد گرفتار کر نے کا مطالبہ کیا ۔