• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حملوں کی رپورٹنگ کرتی خاتون رپورٹر رو پڑیں


غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کی رپورٹنگ کرتی ترک خبر ایجنسی کی رپورٹر جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور رو پڑی۔

 خاتون رپورٹر جب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بننے والے معصوم فلسطینی بچوں اور شہریوں کی حالت زار بتا رہی تھیں، تو انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی ایمبولینس نہیں۔ کوئی پیشہ ورعملہ نہیں ہے۔

عام لوگ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے زخمیوں کو خود پرائیویٹ گاڑیوں میں لے کر اسپتال پہنچا رہے ہیں۔

 اس موقع پر خاتون رپورٹر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور رو پڑی۔

واضح رہے کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1 ہزار 417 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 6 ہزار سے زائد ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی وحشیانہ جارحیت کے باعث 50 سے زائد طبی عملہ شہید ہوا ہے۔

اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہونے والی وسیع تباہی سے غزہ پٹی میں ماحولیاتی آلودگی اور وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔

ادھر اسرائیل کی غزہ کی ناکا بندی، بجلی، پانی، خوراک، ایندھن کی فراہمی بند ہے، غزہ شہر کے مرکزی اسپتال میں جنریٹرز کیلئے صرف 4 دن کا ایندھن بچا ہے۔

ہلال احمر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، غزہ کی پٹی کے واحد بجلی گھر نے ایندھن کی قلت کی وجہ سے گزشتہ روز کام کرنا بند کر دیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید