کوئٹہ ( پ ر ) فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کوئٹہ ریجن میں ہفتہ سپورٹس کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ۔ تمام اداروں کے کھلاڑیوں نے خوبصورت مارچ پاسٹ کیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیر تعلیم طاہر محمود تھے۔ تقریب میں ننھی منی طلبا کے ٹیبلو اور علاقائی رقص نے حاضرین کے دل موہ لئے۔ کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں طلبہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے خوب داد وصول کی، کھیلوں کے تمام مقابلوں کے دوران طلبہ کا جوش وخروش قابل دید تھا ، طلبہ کے ساتھ اساتذہ کی شرکت نے ہفتہ سپورٹس کو چار چاند لگادئیے ، اس موقع پر مہمان خصوصی اور سپورٹس سیکرٹری پرنسپل نشان اللہ نے فضا میں غبارے بلند کر کے ہفتہ سپورٹس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی جسمانی ،معاشرتی اور جذباتی نشونما کے لیے انتہائی ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کیے بغیر اعتدال پسند رویوں کا فروغ ممکن نہیں ہے ۔