کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری بلدیات نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر سمیت صوبے بھر میں ایک ماہ کے لئے خصوصی صفائی مہم شروع کردی گئی ہے ، محکمہ بلدیات کا عملہ اپنی ڈیوٹی پر حاضری کو یقینی بنائے غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات شیخ محمود الحسن مندوخیل نے صوبے بھر میں ایک ماہ کی خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جس کے تحت یکم نومبر سے 30 نومبر تک صفائی کی خصوصی مہم چلائی جائے گی ، اس دوران کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں صفائی کے ساتھ ساتھ کچرے کے ڈھیروں کو ٹھکانے لگایا جائے گا ، مہم کے دوران عوام میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیف افسران اور لوکل کونسلز کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ خصوصی صفائی مہم کو یقینی بنائیں ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن سمیت محکمہ بلدیات کا عملہ اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جسے صاف ستھر ارکھنے کیلئے شہریوں اور تاجر برادری کو کوئٹہ میٹروپولیٹن کے عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا چاہئے اور کچرہ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے مخصوص جگہوں پر جمع کریں تاکہ اسے بروقت اٹھاکر ٹھکانے لگایا جاسکے۔