لاہور ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر وسینئر سیاستدان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں بطور آزاد امیدوار حصہ لینگے اور پاکستان تحریک انصاف سمیت کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں بنیں گے جبکہ نئی سیاسی جماعت انتخابات کے بعد تشکیل دی جا سکتی ہے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اگر میں الیکشن جیتتا ہوں تو اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھوں گا۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ کسی پارٹی کے اندر لوگوں کے مسائل پر گفتگو نہیں ہو رہی، نواز شریف کا بیانیہ دیکھیں تو وہ کہتے ہیں 2017میں ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ، پی ٹی آئی کا بیانیہ دیکھیں تو وہ کہتے ہیں کہ ابھی ہمارے ساتھ بہت زیادتی ہو رہی ہے اور بلا شبہ ہو بھی رہی ہے۔نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے سوال کے جواب میں مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ اس پر مشاورت چل رہی تھی اور ہمارا یہی خیال تھا کہ دوستوں کے ساتھ ملکر ایک نئی سیاسی جماعت بنائی جائے کیونکہ اس کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں ہر جماعت اقتدار میں رہی ہے لیکن لوگوں کے مسائل تو اپنی جگہ پر موجود ہیں اور انہیں ڈیلیور نہیں ہوسکا، آج بھی جو بیانیہ ہے وہ مظلومیت پر ہے ڈیلیوری اور لوگوں کے مسائل حل کرنے پر نہیں ہے، تو ہم یہ سمجھتے تھے کہ اس وجہ سے نئی سیاسی جماعت کی ایک گنجائش موجود ہے اور اس پر ہم آپس میں مشاورت کرتے رہے۔