• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی کی قیمت چند روز میں کم ہونا شروع ہوجائیگی، کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا پر چینی کی سپلائی متاثر ہوئی تھی ،صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ ، محکمہ انڈسٹری اور کسٹم نے موثر نظام تشکیل دیا ہے اب سارا ڈیٹا پورٹل پر جمع کرایا جائے گا ، جلد اسمگلنگ اور چینی کے بحران پر قابو پالیں گے ، کچھ عرصے کے لئے چینی کی قیمت بہت اوپر چلی گئی تھی تاہم اب قیمتیں کم ہونا شروع ہوجائیں گی ، یہ بات انہوں نے بدھ کو انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ کے ہمراہ کمشنر آفس میں پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد ، انجمن تاجران کےعبدالرحمن شاہ ، یٰسین مینگل اور حضرت علی اچکزئی سمیت دیگر موجود تھے ۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں ، شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں ، ہم نے مل بیٹھ کر ایک موثر نظام تشکیل دیا ہے امید ہے کہ اب یہ نظام ایسے ہی چلے گا اور عوام کو سہولت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بہترین انتظام کیا گیا ہے جس کے تحت مسئلہ کو حل کرنے کیلئے سارا سسٹم کمپوٹرازڈ کیا گیا ہے ، ایف بی آر کے ساتھ مل کر پورٹل بنایا گیا ہے اور اب ہر چیک پوسٹ پر کمپیوٹرائز ڈیٹا دستیاب ہوگا کہ کون سی گاڑی آرہی ہے ، کس کے پاس این او سی ہے چینی کس مل سے اور کس ضلع میں جارہی ہے اس کے بعد اگر کوئی ٹرک روکے گا تو اس کے خلاف کاروائی ہوگی ۔ اس نظام سے کام تیزی سے چلے گا ،اس سےپہلے ہر چیک پوسٹ پر کمپوٹرائز پورٹل دستیاب نہیں تھاتو ہر گاڑی کو چیک کیا جاتا تھا اب اس سب کچھ کو کمپوٹرائز کردیا گیا ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ عوام کیلئے سستا بازار لگانا شروع کردیئے ہیں گزشتہ اتوار جو سستا بازار لگایا گیا تھا اس میں سو روپے فی کلو چینی فروخت کی گئی۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ نے کہا کہ ہمارے انتظامیہ سے مذاکرت کامیاب ہوگئے ہیں،کل سے صوبے بھر میں چینی کی سپلائی شروع کردی جائے گی اور چند روز میں چینی کے ریٹ کم ہوکر 140روپے کلو پر آجائیں گے۔