• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سیاحتی اعتبار سے بہترین ملک اور دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کا مرکز ہے، وصی شاہ، ڈاکٹر محمد فیصل

لندن( جنگ نیوز) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یو کے پاکستان بزنس کونسل اور پاکستان ہائی کمیشن کے اشتراک سےوزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ اور ٹریول ماہرین کے اعزاز میں پاکستان ہائی کمیشن میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔پاکستان کے وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔عشائیہ میں معروف کاروباری شخصیات ،ورلڈ ٹورازم مارٹ میں آئے ہوئے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC)، صوبائی محکمہ سیاحت، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، بیرسٹر فیروز جمال خان اور برٹش پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کے خوبصورت ترین مناظر اور ثقافتی تنوع سے نوازا گیا ہے جس سے پاکستان سیاحتی اعتبار سے بہترین ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو سہارا دینے کیلئے پاکستان میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے اور نتیجہ خیز کامیاب حکمت عملی کو اپنایا جائے تو سیاحت پاکستان کیلئے زرمبادلہ کے حصول کا بڑا ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔ وزیرسیاحت نے اس سلسلے میں شرکاء سے تجاویز بھی حاصل کیں اور انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے سیاحت کی صنعت میں آسانیاں پیدا کرنےکیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر مملکت نے پاکستان ہائی کمیشن کا بھی شکریہ ادا کیا اور پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کو ورلڈ ٹورازم مارٹ میں لانے پر ہائی کمیشن کےکردار کو خصوصی طور پر سراہا ۔وزیر سیاحت نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئےبرٹش پاکستانیوں کے کردار کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان کےسیاحتی مقامات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں، وسیع صحراؤں، وسیع ساحل، اور دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں سے نوازا ہے ۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں مہر گڑھ 7000 قبل مسیح کا ایک قدیم سیاحتی مقام ہے اور اس طرح کے کئی مقامات ہیں جو عالمی سیاحوں کیلئے کشش کا باعث ہیں ۔قبل ازیں وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے سیاحت کے سب سے بڑے عالمی فیسٹیول ورلڈ ٹورازم مارٹ (WTM) میں 6 نومبر کو پاکستان پویلین کا افتتاح کیا تھا۔

یورپ سے سے مزید