کوئٹہ( این این آئی)بلو چستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے سینئر رہنماء ناصر بادینی نے کہا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کوئٹہ کے ملازمین گزشتہ کئی سالوں سے معمو لی اجرت پر کام کر رہے ہیں انہیں کم سے کم اجرت کے حکومتی فیصلے کے مطابق تنخواہیں دی جا رہی ہے اور نہ ہی ملازمین کو مستقل کیا جا رہا ہے،مارکیٹ ملازمین کو دیگر صوبوں کی طرح مستقل بنیا دوں پر ملازمتیں دیکر ان کا معاشی قتل عام بنداور انکا حق دیا جائے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ملازمین کو 15سے 20ہزار تنخواہیں دی جا رہی ہے جو کہ سپریم کورٹ اور لیبر قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے اس شدید مہنگائی کے دور میں یہ تنخواہ نہ ہو نے کے برابر ہے ۔ کم سے کم اجرت ماہانہ 32 ہزار کا نوٹیفکیشن بھی جا ری ہو چکا ہے مگر اسکے باوجود ملازمین اپنے بنیادی حق سے محروم ہیں۔ متعلقہ ذمہ دارحکام کو احساس کرنا ہوگا کہ 15 سے 20 ہزار میں موجودہ مہنگائی میں کے دور میں گھر چلانا ناممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تتنخواہوں میں اضافہ اور انہیں مستقل کیا جائے ۔