کراچی (نیوز ڈیسک) فلسطینیوں کیخلاف تعصب پر مبنی بیانات دینے کے معاملے پر برطرف کی گئی برطانوی وزیر داخلہ سوئیلا بریورمین نے اپنے ہی وزیر اعظم پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے رشی سونک کو ناکام، نااہل اور دھوکے باز قرار دے دیا، انڈین نژاد سوئیلا بریورمین کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں ہمیں مسلسل شکست ہو رہی ہے، منصوبے ناکام ہو رہے ہیں ، رشی سونک معاملات کو منظم کرنے میں ناکام رہے، اب زیادہ وقت نہیں ، ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے،انہوں نے کہا کہ رشی سونک سڑکوں پر بڑھتی انتہا پسندی اور یہودیوں کی مخالفت کو چیلنج کرنے میں بھی ناکام رہے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے کشتیوں کے ذریعے آنے والوں کو روکنے کا وعدہ کیا لیکن وعدہ پورا کرنے کے بجائے ان کیساتھ دھوکا کیا، رشی سونک اپنے وعدے پورے کرنے کے اہل ہی نہیں یا ان کا ارادہ ہی نہیں تھا ۔