• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: حکومت کا سگریٹ نوشی ختم کرنے کیلئے نئی اسکیم کا آغاز

لندن (نمائندہ جنگ) برطانوی حکومت نے سگریٹ نوشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ختم کرنے کیلئے نئی سکیم کا آغاز کیا ہے جس سے سگریٹ نوشی میں مبتلا افراد کو سگریٹ نوشی چھوڑنے میں مدد فراہم کی جائے گی برطانوی میڈیا کے مطابق حکومت نے ’’ویپنگ پالیسی‘‘ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے لوگوں کی سگریٹ نوشی ترک کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ حکومت نے اس پالیسی میں باالخصوص ایسی حاملہ خواتین کیلئے بھی اعلان کیا جو سگریٹ نوشی کی بری عادت میں مبتلا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس پالیسی کا اطلاق پہلے مرحلے میں انگلینڈ میں ہوگا۔ پالیسی کے تحت جو حاملہ خواتین سگریٹ نوشی کی عادت کو ترک کریں گی۔ انہیں حکومت کی جانب سے 400پاؤنڈز دیئے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایسی خواتین جو سگریٹ نوشی ترک کریں گی ان کیلئے حکومت جلد ہی ایک خاص پیکیج کا اعلان بھی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی ویسے تو مضر صحت ہے تاہم ایک عورت اور باالخصوص حاملہ خاتون کی سگریٹ نوشی کی عادت سے پوری نسل متاثر ہوسکتی ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمباکو نوشی کی شرح کو کم کرنے کیلئے برطانوی حکومت لاکھوں پاؤنڈ خرچ کرنے پر بھی آمادہ ہے۔ واضح رہے برطانیہ میں سگریٹ نوشی میں مبتلا لاکھوں افراد کینسر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ نئی اسکیم سے کینسر اور دل کی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

یورپ سے سے مزید