بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ جس واحد فلم کا حصہ نہ بننے کو وہ اپنی بدقسمتی سمجھتی ہیں وہ اداکار عامر خان کی پروڈیوس کردہ 2001 کی فلم لگان تھی۔
واضح رہے کہ ہدایت کار اشتوش گواریکر کی2001 کی فلم لگان باکس آفس پر ہٹ ہوئی اور اس نے کافی بزنس کیا تھا۔
ان خیالات کا اظہار 45 سالہ رانی مکھرجی نے گوا میں 54ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف انڈیا (آئیفا) ایوارڈز کے انعقاد کے موقع پر انٹر ایکٹیو سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
رانی مکھرجی کا کہنا تھا کہ فلم لگان کی شوٹنگ کے دنوں انہوں نے ایک اور فلم سائن کی تھی اور اسکی شوٹنگ آئندہ 20 روز میں شروع ہونے والی تھی اور ان دونوں فلموں کی تاریخوں میں ٹکراؤ تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران عامر خان نے مجھ سے کہا کہ وہ اس فلم کی شوٹنگ بڑے خاص طریقے سے کر رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ میرے تمام ایکٹرز چھ ماہ تک ایک مخصوص جگہ پر رہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ عامر کی اس بات پر میں نے اپنے پروڈیوسر سے کہا کہ کیا یہ ممکن ہے کہ میں عامر خان کی فلم میں بھی کام کروں کیونکہ وہ میرا قریبی دوست ہے لیکن پروڈیوسر نے انکار کر دیا، جس پر مجھے افسوس بھی ہوا اور اسطرح فلم لگان کو چھوڑنا پڑا۔