• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں ڈراپ ان پچ پر کھیلا جائیگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ میں پہلا ٹیسٹ ڈراپ ان پچ پر کھیلا جائیگا پچ فاسٹ بولنگ کیلئے ساز گار بتائی جاتی ہے۔ ٹریلر کے ذریعے پچ کو گراؤنڈ میں لاکر تیاری کاکام شروع ہوگیا ہے۔ ان 5ڈراپ ان پچز پر بھی واکا گراؤنڈ والی گھاس اور مٹی کا استعمال کیا گیا، ایک ڈراپ ان پچ کا وزن 25ٹن کے قریب ہے اور اس کی تنصیب میں دو دن لگے ہیں۔ شان مسعود نے کہا کہ ڈراپ ان پچز کا خیال بہت اچھا ہے، مگر یہ کرکٹ کی خوبصورتی ہے کہ ہر جگہ کنڈیشنز الگ ہوتی ہیں، آپ پاکستان کو آسٹریلیا نہیں بنا سکتے، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا سب کی کنڈیشنز الگ الگ ہیں۔ خیال رہے کہ عام طور پر کرکٹ میں گراؤنڈ میں ہی پِچ تیار کی جاتی ہے لیکن اس کے برعکس ڈراپ اِن پِچز کو میچ کے اصلی مقام سے دور تیار کیا جاتا ہے ۔ جب یہ پِ تیار ہوجاتی ہے تو کرین کی مدد سے لوہے کے سانچے سمیت گراؤنڈ میں لایا جاتا ہے اور پچ کی جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کچھ گراؤنڈز ایسے ہیں جو کرکٹ کے علاوہ دوسرے کھیلوں جیسے ( فٹبال اور رگبی) کی میزبانی بھی کرتے ہیں اس لیے جب کرکٹ کا سیزن ختم ہوجاتا ہے تو ان ڈراپ اِن پِچز کو اٹھاکر گراؤنڈ سے باہر رکھ دیا جاتا ہے اور پچ کی جگہ مصنوعی گھاس اور مٹی ڈال کر گراؤنڈ کو دوسرے کھیلوں کیلئے تیار کیا جاتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید