• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کویت کے ساتھ اربوں ڈالر کے 7 معاہدوں پر دستخط

کویت(اے پی پی)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنا دو روزہ سرکاری دورہ کویت مکمل کرکے اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کے 28ویں اجلاس (کاپ 28) میں شرکت کیلئے دبئی روانہ ہوگئے۔ قبل ازیں انوارالحق کاکڑ نے کویت کے فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال اورولی عہد شیخ مشعل سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ‘تفصیلات کے مطابق پاکستان اور کویت نے فوڈسکیورٹی ‘ زراعت، پن بجلی، معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7معاہدوں اور 3مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ بدھ کو نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات کو فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کر کے مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان 7 معاہدوں اور 3 مفاہمت کی یادداشتوں کی تقریب میں شرکت کی۔ ریاست کویت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول فوڈ سکیورٹی، زراعت ، پن بجلی، پینےکیلئے صاف پانی کی فراہمی اور کان کنی کی سرگرمیوں میں تعاون کیلئے کان کنی فنڈ کا قیام، ٹیکنالوجی زونز ڈویلپمنٹ اور مینگروو کے تحفظ سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7 معاہدوں اور ثقافت اور آرٹ ، ماحولیات اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کیلئے 3 مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔

اہم خبریں سے مزید