کوئٹہ(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدراصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اے این پی دعوئوں اور وعدوں پر یقین نہیں رکھتی بلکہ بلا رنگ ونسل قوم اور مذہب عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی کے مرکزی رہنما و سابق وزیرڈاکٹر عطاگل حمزہ زئی سے خان ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اصغر اچکزئی نے کہا کہ اے این پی واحد جماعت ہے جس کے دور میں این ایف سی ایوارڈ،خیبر پشتونخوا کی شناخت اورآٹھویں ترمیم کے مسئلے حل ہوئے ۔ژوب اور لورالائی ڈویژن کو الگ، چمن کو دو ڈسٹرکٹ اور پشین کو دو بنانا عوامی نیشنل پارٹی کا منشور تھا۔انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کے روزگار کے دروازے کھولے جائیں،ہم پاسپورٹ اور ویزے کی شرط کو نہیں مانتے ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں ،چمن دھرنے کے مطالبات تسلیم کئے جائیں۔اس موقع پر ڈاکٹر عطا گل حمزہ زئی نے کہاکہ پورے صوبے سے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کا اعتماد عوامی نیشنل پارٹی پر ہے۔درایں اثناء ڈاکٹر عطاء گل حمزہ زئی نے کہا کہ لورالائی کے عوام کو مسائل و مشکلات سے صرف عوامی نیشنل پارٹی ہی نکال سکتی ہے۔ بلارنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک جلال الدین حمزہ زئی کی جانب سے دیئے گئے عشایئے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار مالے حمزہ زئی، حاجی امیر محمد، مولوی رحمت اللہ، ملک داد خان حمزہ زئی، سجاد گل کاکڑ و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عطاء گل نے کہا کہ انتخابات میں اے این پی بھرپور حصہ لے گی۔ سرغنڈ سے لیکر میختر تک ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا ۔ ماضی میں لورالائی کو نظرانداز کیا گیا اے این پی اقتدار میں آکر ان کی محرومیوں کا خاتمہ کرے گی۔عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کی جائے گی۔