• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبو ماضی کے کس مشہور پاکستانی اداکار کی بیٹی ہیں؟

اداکارہ تبو، فائل فوٹو
اداکارہ تبو، فائل فوٹو

معروف بالی ووڈ اداکارہ تبو نے اپنے ایک انٹرویو میں پہلی بار اپنے والد کے بارے میں بات کی۔

تبو ماضی کے ایک مشہور پاکستانی اداکار جمال ہاشمی کی بیٹی ہیں اور اداکارہ کا پورا نام’تبسم فاطمہ ہاشمی‘ ہے۔

تبو کے بارے میں بھارتی میڈیا پر اکثر یہ خبریں سامنے آتی رہی ہیں کہ وہ ایک مشہور پاکستانی اداکار کی بیٹی ہیں لیکن اُنہوں نے خود کبھی ان خبروں پر کوئی وضاحت نہیں دی۔

اب بھارتی میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی ہے کہ تبو نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے پاکستانی والد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں جب 3 سال کی تھی تو میرے والدین کے درمیان طلاق ہوگئی تھی اور اس وجہ سے میں نے کبھی اپنے والد کو نہیں دیکھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ والد نے میری والدہ سے طلاق کے بعد دوسری شادی کرلی تھی جس کے بعد میں کبھی اپنے والد سے نہیں ملی لیکن میری بڑی بہن فرح ناز والد سے بہت بار ملی ہیں۔

تبو نے بتایا کہ میرا پیدائشی نام تبسم فاطمہ ہاشمی ہے لیکن میں نے کبھی اپنے نام کے ساتھ ’ہاشمی‘ استعمال نہیں کیا کیونکہ میری پرورش میرے نانا نانی اور والدہ نے کی ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے والد اپنے زمانے میں پاکستانی سینما کا ایک جانا پہچانا نام تھے۔

واضح رہے کہ جمال ہاشمی 1970ء کی دہائی میں بطور اداکار مشہور تھے، اُنہوں نے پاکستان کے ایک ممتاز فلمساز اور ہدایتکار علی عفان صدیقی کی رہنمائی میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔

اسی دوران جمال ہاشمی نے بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کی رشتے دار اور  بھارتی شہر حیدرآباد دکن کے ایک مسلمان گھرانے سے تعلق رکھنے والی رضوانہ نامی خاتون سے شادی کی جو پیشے کے اعتبار سے ٹیچر تھیں۔ 

شادی کے بعد رضوانہ شوہر جمال ہاشمی کے ساتھ پاکستان کے شہر لاہور میں رہیں لیکن جب اس جوڑے کی شادی شدہ زندگی بہت سے مسائل کا شکار ہوئی تو جمال ہاشمی نے پاکستانی فلم انڈسٹری سے علیحدگی کا ایک اہم فیصلہ کیا اور اپنی اہلیہ کے ساتھ بھارت میں رہنے لگے جہاں ان کے گھر دو بیٹیوں تبو اور فرح ناز کی پیدائش ہوئی۔

تاہم بھارت میں بھی دونوں میاں بیوی کے درمیان مسائل حل نہیں ہوسکے اور جھگڑے اس قدر بڑھ گئے کہ طلاق ہوگئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید