پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور خوب رو اداکارہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’نایاب – نام یاد رکھنا‘ کا آفیشل پوسٹر جاری کر دیا گیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی نئی فلم کا باضبطہ اعلان کر دیا۔
انہوں نے فلم کا آفیشل پوسٹر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ آئیے چلتے ہیں ہم اپنے پہلے آفیشل پوسٹر کے ساتھ نایاب کی دنیا میں قدم رکھتے ہیں، اسی جوش و جذبے کے ساتھ جو ہمارے مرکزی کردار میں نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے فلم کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اس دنیا کی افراتفری میں خوابوں کو حاصل کرنے کی خواہش و دوڑ میں ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں، ایک پُرجوش اور زندگی کے اتار چڑھاؤ سے بھرپور کہانی کے لیے تیار رہیں۔
عمیر نثار علی کی ہدایت کاری میں بننے والی فم ’نایاب – نام یاد رکھنا‘ سے یمنیٰ زیدی پہلی بار بڑے پردے پر جلوہ گر ہونے والی ہیں، اداکارہ فلم میں کرکٹر کا کردار نبھا رہی ہیں۔
یہ فلم رومینہ عمیر اور عمیر عرفانی کی پیشکش ہے۔
فلم کا اسکرین پلے علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں اداکار جاوید شیخ، عدنان صدیقی، محمد فواد خان، عثمان خان، احتشام الدین، فریال محمود، امِ ہانی طہٰ سمیت دیگر شامل ہیں۔