• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘ امید علی کھوکھر

کوئٹہ (خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تحقیقاتی کمیٹی کے ممبر امید علی کھوکھر نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لئے بہتر معنوں میں منصوبوں کا پایہ تکمیل تک پہنچنا انتہائی ضروری ہے۔ تمام منصوبے عوام کے بہتر مفاد میں زیر تعمیر ہیں جنہیں پی سی ون کے مطابق مکمل کروانے اور پختہ تعمیراتی عمل کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کی رعایت ہرگز نہیں دی جائے گی ۔افسران اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دیں اور عوام کے مفاد عامہ میں بہتر سے بہتر اقدامات کو یقینی بنائیں، لاپرواہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ہمیں عوام کے مفادات عزیز ہیں، ان پر سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفرآباد میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت امداد علی کھوسہ خالد احمد چنہ محمد مطہر جمالی ومحمد زکریا تھے ۔امید علی کھوکھر کو ضلع جعفرآباد میں زیر تعمیر ماڈل ہائی سکول،ڈگری کالج بلڈنگ،ایس پی آفس میں زیر تعمیر منصوبے کے متعلق ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز اکبر علی لاشاری،گوٹھ غلام رسول کھیازئی روڈ کے حوالے سے ایگزیکٹو انجینئر روڈز انجینئر عرفان علی نے بریفنگ دی۔ اس سے قبل ضلع جعفرآباد میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد آفس میں اجلاس ہوا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد میر باز خان مری سمیت دیگر ضلعی افسران موجود تھے جنہوں نے اپنے محکموں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے متعلق آگاہی فراہم کی۔
کوئٹہ سے مزید