کراچی (نیوز ڈیسک) ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں دہائی کے آخر تک بھارت یورپی یونین کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کو پیچھے چھوڑ کر اقتصادی لحاظ سے دنیا کی تیسری بڑی طاقت بن جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایس اینڈ پی گلوبل نے اپنی تازہ ترین رپورٹ ’’گلوبل کریڈٹ آؤٹ لک 2024‘‘ میں بتایا ہے کہ بھارت 2030 تک دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے اعداد و شمار کے مطابق جی ڈی پی کے لحاظ سے فی الوقت امریکا، چین، جرمنی اور جاپان کے بعد پانچویں بڑی اقتصادی طاقت ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کیلئے یہ بہت بڑا امتحان ہوگا کہ کیا وہ اگلا بڑا پیداواری مرکز (مینوفیکچرنگ ہب) بن سکتا ہے یا نہیں، اور موجودہ حالات نے اسے ایک بڑا موقع دیدیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خدمات کی فراہمی (سروس پرووائیڈر) سے مینوفیکچرنگ ہب بن کر بھارت ایک بڑی معیشت بن سکتا ہے جس کے پاس لاجسٹک فریم ورک بھی ہوگا، اور اس کی یہ ترقی بہت اہم ہوگی۔